ممبئی : بھارتی سیاستدان اور سابق رکن پارلیمنٹ مقتول بابا صدیقی کو قتل کرنے والے شوٹر ملزم شیو کمار گوتم کی سوشل میڈیا پر تصویر کا کیپشن وائرل ہوگیا۔
بابا صدیقی کے قاتل نے واردات سے تقریباً ڈھائی ماہ قبل انسٹاگرام پر کیپشن کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی، جو سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بابا صدیقی پرفائرنگ کرنے والے تین حملہ آوروں 23 سالہ گرمل بلجیت سنگھ ، 19 سالہ دھرم راج کشیپ اور شیوکمار گوتم نے بابا صدیقی کو قتل کیا، گرمل بلیجت اور راج کشیب کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ تیسرے ملزم شیوکمار گوتم کی تلاش جاری ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مفرور ملزم شیو کمار گوتم نے انسٹاگرام پر واقعے سے 80 روز قبل ایک تصویر پر کیپشن لکھا تھا جو اب وائرل ہورہا ہے۔
تصویر میں شیو کمار موٹرسائیکل کے سہارے کھڑا ہے اور تصویر کے کیپشن میں درج ہے ‘یار تیرا گینگسٹر ہے جانی’۔ شیو کمار گوتم کی جانب سے یہ پوسٹ 24 جولائی کو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی۔
واضح رہے کہ 3 مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہنے والے ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما 66 سالہ بابا صدیقی کو ہفتے کے روز ان کے بیٹے کے دفتر سے باہر نکلتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔
بابا صدیقی بالی ووڈ اسٹارز سے دوستیوں اور ان کو دی جانے والی دعوتوں کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے تھے، بابا صدیقی کی جانب سے بالی ووڈ اداکاروں کو ہر سال ماہ رمضان میں افطار پارٹی پر مدعو کیا جاتا تھا۔
بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری ماضی میں اداکار سلمان خان پر حملہ کرنے والے لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی ہے، اس سلسلے میں پولیس نے حملہ کرنے والے 3 میں سے 2 شوٹرز کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں